واشنگٹن:امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعتراف کیا ہے کہ جون 2016 میں ان کے بڑے بیٹے نے مخالفین سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے روسی وکیل نتالیا ویسلنی تسکایا سے ملاقات کی۔
اس سے قبل امریکی صدر نے ٹرمپ جونیئر کی ملاقات کے حوالے سے کہا تھا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں۔
ماہرین کے مطابق ٹرمپ ٹاور میں روسی وکیل نتالیا ویسلنی تسکایا سے ٹرمپ جونیئر کی ملاقات امریکی انتخابی مہم کی خلاف وزری بھی ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے رابرٹ میولر کی زیرِ سربراہی الیکشن میں روسی مداخلت کی تفتیش کو مسترد کرتے ہوئے روس کے ساتھ کسی بھی قسم بھی ملی بھگت سے انکار کیا۔
اتوار کو واشنگٹن پوسٹ ، سی این این ، اور ایسوسی ایٹڈ پریس سمیت امریکی میڈیا نے یہ خبر شائع کی تھی کہ ڈونلڈ ٹرمپ 9 جون 2016 کو ہونے والی ملاقات پر بہت پریشان ہیں کیونکہ یہ ملاقات ان کے بیٹے کے لیے قانونی پیچیدگیاں کھڑی کرسکتی ہے۔
امریکی صدر نے ان میڈیا رپورٹس کے رد عمل میں ٹوئیٹ کیا کہ ’یہ جھوٹ پر مبنی خبر ہے کہ میں ٹرمپ ٹاور میں ہونے والی ملاقات کو لے کر پریشان ہوں ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ وہ ملاقات ایک حریف سے متعلق معلومات لینے کے لیے کی گئی تھی جو قانونی تھی اور ایسا سیاست میں ہوتا ہے۔‘
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ کے بڑے بیٹے نے 9 جون 2016 کو نیویارک میں واقع ٹرمپ ٹاور میں ایک روسی وکیل سے ملاقات کی تھی۔