کراچی: ٹیسٹ آل راؤنڈر محمد حفیظ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رویے سے ناخوش ہیں اور انہوں نے سینٹرل کنٹریکٹ میںبی کیٹگری دینے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
محمد حفیظ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ اس صورت حال سے محمد حفیظ بہت دل برداشتہ ہیں اور وہ اس حوالے سے قریبی لوگوں سے مشاورت بھی کر رہے ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ محمد حفیظ بی کیٹیگری میں ڈالے جانے کی وجہ سے سینٹرل کنٹریکٹ پر دستخط نہیں کریں گے، ممکن ہے کہ وہ کرکٹ سے ہی کنارہ کشی اختیار کر لیں۔
واضح رہے کہ سابق کپتان محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر باربار ہونے والے اعتراض نے ان کے کیرئیر کو شدید متاثر کیا ہے، ایک سال بعد انہیں بولنگ کی اجازت تو مل گئی لیکن قومی ٹیم میں بھرپور جگہ نہیں مل سکی بلکہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بھی وہ تنزل کا شکار ہوگئے۔