کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا کوئی امکان نہیں :سیکورٹی ادارے

 

کراچی : سیکورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن پر نظر ثانی کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے درمیان حکومت سازی کے لئے طے پانے والے9نکاتی معاہدے میں سے تیسرے نکتے میں یہ بات بھی شامل ہے کہ کراچی آپریشن میں نظر ثانی اور تمام شراکت داروں سے مشاورت کی جائے گی۔

اس حوالے سے پولیس،رینجرز اور دیگر سیکورٹی اداروں کےاعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ فی الوقت اس بات کا امکان کم ہے کہ کراچی آپریشن پر کسی قسم کی نظر ثانی کی جائے۔کراچی پولیس کے ایک سینئر پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ کراچی آپریشن کسی ایک فرد یا تنظیم کے خلاف نہیں بلکہ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اور آپریشن شروع ہونے سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز جس میں وفاقی اور صوبائی حکومت ،سیاسی جماعتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شامل ہیں کو اعتماد میں لیا گیا تھا۔

 

انکا کہنا تھا کہ اس آپریشن میں کبھی یہ نہیں دیکھا گیا کہ جس ملزم کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے اسکا تعلق کس تنظیم سے ہے یا وہ کونسی زبان بولنے والا ہے۔ٹی ٹی پی،لشکر جھنگوی،القاعدہ بر صغیر ،لیاری گینگ وارسمیت ہر قسم کے دہشت گرد اور جرائم پیشہ عناصر کےخلاف اس آپریشن میں کارروائی کی گئی ہے اس لئے اس بات کا امکان کم ہے کہ آپریشن کی رفتار اور سمت میں کوئی تبدیلی آئے۔