سڈنی: آسٹریلیا کی نیوکاسل یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم کو نسل پرستوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور ملک چھوڑ کر وطن واپس جانے کے لئے کہا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی نیو کاسل یونیورسٹی کے طالب علم 21 سالہ عبداللہ قیصر انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے گزشتہ برس یہاں آئے تھے۔ عبداللہ کو گزشتہ ہفتے کی رات نیوکاسل یونیورسٹی کی لائبریری جاتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
عبداللہ کے مطابق نسل پرستوں نے ان سے کہا کہ جاؤ پاکستان جاؤ، تمہارا یہاں سے کوئی تعلق نہیں۔
اس دوران ایک شخص نے عبداللہ کی ناک پر مکا مارا، جس کے بعد وہ زخمی حالت میں کار چلاتے ہوئے یونیورسٹی کے جم پہنچے، جہاں انتظامیہ نے انہیں فرسٹ ایڈ دینے کے بعد پولیس، کیمپس سیکورٹی اور ایمبولینس کو بلوایا۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کے لئے کیپمس گراؤنڈ کے سی سی ٹی وی کیمروں کی بھی مدد لی جارہی ہے، تاہم پولیس نے اس سلسلے میں نسل پرستی کے امکانات کو مسترد کردیا۔