بھارتی فوج کی نہتے کشمیریوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ،ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے نام پر 3کشمیریوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کے ایک اور واقعے میں مزید3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ، ضلع بارہ مولا کے علاقے رفیع آباد میں بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن اور محاصرے کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ علاقے میں 2 روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع بارہ مولا میں قابض بھارتی فوج نے علاقے کا محاصرہ کر رکھا ہے اورآپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹر بھی استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ صرف گزشتہ ماہ جولائی میں قابض بھارتی فوج نے 21 کشمیریوں کو شہید اور300 سے زائد کو زخمی کیا جب کہ اس دوران 169 کو حراست میں لیا گیا اور 46 مکانات کو مسمار کردیا گیا۔