سڈنی: آسٹریلیا کی نیوکاسل یونیورسٹی کے پاکستانی طالب علم پر نسل پرستوں نے بہیمانہ تشدد کیا۔جس کے نتیجے میں پاکستانی طالب علم کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق عبداللہ کونیوکاسل یونیورسٹی کی لائبریری جاتے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، نسل پرستوں نے عبداللہ قیصر کی گاڑی کو گھیرلیا، اس دوران ایک خاتون نے اْن سے موبائل فون بھی چھین لیا۔
عبداللہ قیصر کو تشدد کا نشانہ بناتے وقت نسل پرست گروہ کے ارکان پاکستان مخالف نعرے لگا رہے تھے اور طالب علم کو پاکستان واپس جانے کا کہہ رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ نسل پرستی کا شاخسانہ محسوس نہیں ہوتا۔ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عبداللہ قیصر گزشتہ برس فروری میں انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے آسٹریلیا پہنچے تھے۔