کراچی:آپریشن کے دوران گجرنالے میں گرنے والی کرین نکال لی گئی

کراچی:فیڈرل بی ایریا بلاک ایف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے ایم سی کو مہنگا پڑگیا،گزشتہ روز تجاوزات گرانے کے دوران اچاک کرین نالے میں گر گئی ۔جسے بعدازاں نکال لیا گیا ۔
تجاوزات کےخلاف کارروائی کے دوران کرین نالے میںگر گئی جس سے نالہ بلاک ہوگیا تھا ۔نالہ بلاک ہونے سے پانی اطراف کے گھروں میں داخل ہوگیا تھا جس کے بعد ضلعی انتطامیہ نے نالے سے پانی کی نکاسی کےلئے راستہ بنایا ،جس کے بعد صفائی کا کام جاری ہے۔
کرین کو نالے سے نکالنے کےلئے دوسری بڑی کرین کی ضرورت پڑی لیکن راستہ تنگ ہونے کے ساتھ دوسری کرین بروقت نہ پہنچ سکی ۔
ضلعی انتظامیہ نےاطراف کے گھروںاور گلیوں میں داخل ہونے والے پانی کو نکالنے کےلئے پمپ لگائے ،دوسری طرف کے ایم سی نے کرین نکالنے کی ذمہ داری ٹھیکیدار پر ڈال دی۔
کئی گھنٹے گزرنے کے بعد کے ایم سی نے دوسری کرین منگوائی اورکئی گھنٹے کی کوششوں کے بعد کرین کو نالے سے نکال لیا گیا۔