اسپین شدید گرمی کی لپیٹ میں آگیا۔ درجہ حرارت 40 تک پہنچ گیا

میڈرڈ:یورپی ملک اسپین کو شدید گرمی نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ اسپین کے کئی علاقوں میں درجہٴ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔
گرمی سے بچنے کے لیے شہری پانی کی بوتلیں تھامے سائے کی تلاش میں پھرتے نظر آرہے ہیں ۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی لہر کل تک جاری رہے گی جبکہ گرمی بھگانے کے لیے کئی افراد ٹھنڈے پانی کی پھوار میں بھیگتے رہے ۔
یورپی ممالک اسپین اور پرتگال گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں۔ان ممالک کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ اسپین کے چالیس سے زائد صوبوں میں گرم موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔
دونوں ممالک میں خبردار کیا گیا ہے کہ گرم موسم کے نتیجے میں جنگلوں میں آگ لگنے کا خدشہ ہے۔اس یورپی ملک کے کئی شہروں میں ویک اینڈ پر ویرانی چھائی ہوئی ہے اور لوگ گھروں میں چھپے بیٹھے ہیں۔
یورپ کے آئبیرین جزیرہ نما کے سبھی ممالک شدید گرمی کی زد میں ہیں۔اس جزیرہ نما کے ایک ملک اسپین کے شہر کورڈوبا میں گزشتہ ماہ درجہٴ حرارت چھیالیس ڈگری سینٹی گریڈ رہا تھا۔
اسی گرم موسم کی وجہ سے کئی یورپی ملکوں کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔