پوزیشن ہولڈر طالبعلم نے انعامی رقم ڈیمز فنڈ میں عطیہ کردی

کوہاٹ: انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم نے اپنی انعامی رقم چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی جانب سے قائم کردہ ڈیم فنڈ میں عطیہ کردی۔
کوہاٹ تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ کے سالانہ نتائج کا اعلان کیا، جہاں تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے ہونہار طالبعلم محمد آفاق نے 50ہزار روپے کی انعامی رقم ڈیمز فنڈ کے لیے دے دی۔
ڈیمز کے لیے رقم عطیہ کرنے والے طالبعلم کا کہنا تھا کہ اس کی خواہش تھی کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالے تاکہ ملک میں آبی مسائل کا خاتمہ ہوسکے۔
امتحانات میں 41 ہزار 107 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جبکہ کامیابی کا تناسب 66.81 فیصد رہا اور 33 ہزار 5 سو 60 بچوں نے کامیابی حاصل کی۔
امتحانی نتائج کے مطابق جنید عمران نے پہلی، دانش ستار اور سیف اللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی، کامیابی حاصل کرنے والے طلباء کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔