نئی دلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 29 ہوگئی ہے اور وہاں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے فوج طلب کرلی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مون سون بارشوں کے نہ تھمنے والے سلسلے نے دارالحکومت سمیت متعدد ریاستوں میں معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
جنوبی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں سے جمع ہونیوالے پانی کی سطح 2 ہزار400 فٹ بلند ہونے پرمجبوراً ڈیم کے دروازے کھولنا پڑے۔
محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ 26 سال میں پہلی بارکیرالہ کے ضلع اڈوکی میں ڈیم کے دروازے کھولنا پڑے جس کی وجہ سے پانی کا سیلابی ریلا کئی دیہات کو بہا کر لے گیا جبکہ سب سے زیادہ ہلاکتیں مٹی کے تودے کے ملبے تلے دب کر ہوئی ہیں جس میں 19 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور10 افراد مختلف حادثات میں ہلاک ہوئے۔ سیلاب کے باعث 54 ہزارافراد بے گھر ہوگئے ہیں۔
کانگریس پارٹی کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندرمودی کو لکھے گئے ایک خط میں کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے سلسلے میں کیرالہ حکومت کی مدد کیلئے فنڈزجاری کئے جائیں۔