امیر شیخ کا پولیس کی کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

 

کر اچی:کراچی میں نئے پولیس چیف کی تعیناتی سے شہر قائد میں تبدیلی آنے کا امکان پیدا ہو گیا ،نئے پولیس چیف نے جرائم کی روک تھام کے لئے محکمہ پولیس سے صفائی کا آغاز کرتے ہوئے شہریوں کی سہولت کے وٹس ایپ نمبر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگر پولیس کسی شخص کو ناجائز تنگ کرتی ہے تو وہ اس نمبر پر شکایات کا اندراج کرائیں ،ان کی فوری اور بر وقت مدد کی جائے گی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر امیر علی شیخ نے اپنی تعیناتی کے بعد پہلی پریس کانفرنس میں اسٹریٹ کرمنلز اور پولیس وردی میں چھپی کالی بھیڑوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کی مدد کے لیے ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،اب ہم خود زیادتی کا شکار ہونے والے افراد سے رابطہ کریں گے اور متاثرہ شخص کو ہمیں ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر 150 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا جاتا ہے تاہم ناقص پراسیکیوشن کے باعث یہ ملزمان چند روز میں عدالتوں سے ضمانت پر رہا ہوجاتے ہیں،اب ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف مضبوط کیس بنایا جائے اور ان کو عدالتوں سے سزائیں دلوائی جائیں، قبضہ مافیا اور منظم جرائم کی سرپرستی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرکے انہیں گرفتار کیا جائے گا۔

ڈاکٹر امیر علی شیخ کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہریوں کو پولیس کے حوالے سے کئی شکایات ہیں، ان شکایات کے ازالے کے لیے ہیلپ ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ اب ہم خود مظلوم سے رابطہ کریں ایسا نہ ہو کہ وہ ہمیں ڈھونڈتا پھرے، جس شخص کے ساتھ زیادتی ہوگی ہم اس کو خود بتائیں گے، اس کو آگاہی فراہم کریں گے اور اس کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے شہریوں کے لیے وٹس ایپ نمبر 03435142770 جاری کرتے ہوئے اپیل کی کہ اگر پولیس کسی شخص کو ناجائز تنگ کرتی ہے تو وہ اس نمبر پر شکایات کا اندراج کرائیں، ہماری کوشش ہوگی کہ کسی شہری کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے، اگر کسی کو پولیس کی مدد کی ضرورت ہے تو وہ بھی اس نمبر پر رابطہ کرسکتا ہے، محکمہ پولیس میں 95 فیصد اچھے لوگ ہیں تاہم وہ چند پولیس اہلکار جو قبضہ مافیا اور منظم جرائم کی سرپرستی کرنے میں ملوث ہیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔