کراچی ،میٹرک کے سالانہ نتائج کا اعلان،طالبات نے میدان مار لیا

سندھ میٹرک بورڈ کی جانب سے سائنس گروپ کے امتحانات 2018 کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے،سائنس اور آرٹس گروپ میں طالبات نے میدان مار لیا۔امتحانات میں 98 ہزار834 طلبہ کامیاب ہوئے جبکہ کامیابی کا مجموعی تناسب 63 فیصد رہا۔
سائنس گروپ سے پہلی پوزیشن 799 نمبروں کے ساتھ کراچی پبلک اسکول کی طالبہ فاریہ آصف نے حاصل کی، دوسری پوزیشن آمنہ اقبال جبکہ تیسری پوزیشن محمد جنید احمد نے حاصل کی۔
جنرل گروپ سے پہلی پوزیشن صبیح الضحہ نے762 نمبروں کے ساتھ حاصل کی جبکہ مدیحہ زاہد نے دوسری اور لائیبہ اطہر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
طالبات کی کامیابی پرمیٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کامیاب طلبہ یاد رکھیں کہ وقت کی قدر اور اپنے کام پر فوکس ہی کامیابی کی کنجی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اپنے اہداف پر فوکس رکھنے والی قومیں ہی کامیاب ہوتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں شیلڈز اور گلدستے بھی پیش کیے گئے۔