اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں بیٹھ کر اپنے نظریے کو لے کر آگے بڑھے گی۔
اسلام آباد میں بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی زیر صدارت پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ بلاول بھٹو نے نو منتخب اراکین اسمبلی سے خطاب کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانا ہے، پاکستان بچانا ہے، یہ صرف انتخابی نعرہ نہیں تھا ایک وعدہ تھا جس پر ہم قائم ہیں،عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لیے کام کریں گے، پیپلز پارٹی ایوان میں بیٹھ کر ایشوز پر بات کرے گی، ہماری جدوجہد ایک دن کی نہیں ہے، ہماری جدوجہد سے ملک کا اور پارٹی کا نام روشن ہوگا، یہ مشکل راستہ ہے مگر ہم اس راستے پر چلیں گے۔
آصف زرداری نے بھی اراکین سے خطاب کیا اور کہا کہ جمہوریت کے دائرے میں رہنا ہے اور حالات کا مقابلہ کرنا ہے، جمہوریت کا نقصان ملک کا اور ہمارا نقصان ہوگا۔
سابق صدر نے کہا کہ اب پنجاب، کے پی اور بلوچستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے، ہم چاہتے ہیں جنوبی پنجاب ترقی کرے اور عوام کو مشکلات سے نجات ملے، اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر اپنی پارٹی کے منشور پر عمل کریں گے، ہم آگے بڑھیں گے اور فتح حاصل کریں گے۔