اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات ہوئی جس کے دوران ایاز صادق کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت دی گئی۔
پی ٹی کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے۔
پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، پرویز خٹک، عمر ایوب اور فواد چوہدری شامل تھے جنہوں نے اسپیکر ہاؤس میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔
ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وفد نے ایاز صادق کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن معاملات مشاورت سے چلائیں جب کہ پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا۔
ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کو اہم سمجھتی ہے۔