پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سنیل گواسکر کی شرکت کے حوالے سے بھارتی میڈیا نے منفی پروپیگنڈا شروع کردیا، کہا کہ سنیل کے لیے ’دوست سے زیادہ دیش ‘ اہم ہے، جواب میں بھارتی صحافیوں نے بھی میڈیا کو لتاڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیل گواسکر بھارت کو مقدم رکھتے ہیں اس لیے انہوں نے عمران خان کا دعوت نامہ مسترد کردیا ہے۔
اس انوکھی منطق کے جواب میں بھارتی اینکر راجدیپ سردیسائی نے ٹوئٹ کیا کہ سنیل گواسکر نے انہیں ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ انگلینڈ میں کمنٹری کر رہے ہوں گے اس لیے تقریب میں شرکت نہیں کرسکیں گے، اس بات کا ’دیش ‘ سے کوئی تعلق نہیں۔
اسی طرح بھارتی صحافی برکھا دت نے بھی منفی پروپیگنڈے پر بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ایسی باتوں پر میڈیا کو شرم آنی چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پھر تو ساری بھارتی ٹیم غدار ہوئی جس نے عمران خان کے لیے بیٹ سائن کیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے بنی گالہ میں ملاقات کی تھی اور بھارتی ٹیم کے دستخطوں والا ’بلا‘ تحفے میں پیش کیا تھا۔