بورے والا:دنیا کے سب سے بڑے پاکستانی پرچم کی تقریب رونمائی قائد اعظم اسٹیڈیم ،بورے والا میں منعقد ہوئی جس میں سینکڑوں کی تعداد میں طلباء اور شہریوں نے شرکت کی۔
نجی تعلیمی ادارے، ہیومنز آف بورےوالا اور میونسپل کمیٹی کے اشتراک سے رضاکاروں نے 37 ہزار مربع فٹ کا قومی پرچم بنا کر جشن آزادی کی خوشیاں دوبالا کر دی ہیں ۔
منتظمین کے مطابق قومی پرچم کو بنانے میں 4500 میٹر کپڑا استعمال ہوا ہے اور اس کے اوپر چاند اور تارا بنانے میں 6 دن لگے ہیں۔
پرچم کی تقریب رونمائی میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ڈپٹی کمشنر وہاڑی عرفان علی، ڈی پی او وہاڑی احمد ناصر عزیز ورک، اسسٹنٹ کمشنر بورے والا محمد عظیم ربانی،چیئرمین میونسپل کمیٹی بورے والا محمد عاشق آرائیں اور سول سوسائٹی کےنمائندگان کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں طلباء اور شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر گرین بورے والا مہم کے تحت شہریوں میں پودے بھی تقسیم کیے گئے ہیں جو سر سبز و شاداب پاکستان کی جانب ایک قدم ہے جشن آزادی کے موقع پر بورے والا کے باسیوں نے سب سے بڑا پاکستانی پرچم بنا کر خوشیوں کو دوبالا کر دیا ہے۔