جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ ایک جان نگل گئی

 

کراچی : جشن آزادی کے موقع پرمختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ22 افراد شدید زخمی ہو گئے،جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کی زد میں آکر ایک شخص جاںبحق جبکہ 2 خواتین اور بچے سمیت 22 افراد زخمی ہوگئے۔

جشن آزادی کے موقع پر کراچی کے بعض علاقوں میں لوگوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جس سے جانی نقصان ہوا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ناظم آباد فائیو اسٹار کے قریب نوجوان کے سر پر بم لگ کرپھٹا جس سے وہ دم توڑ گیا اور لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی۔

جہانگیر روڈ اور اختر کالونی میں ہوائی فائرنگ سے تاج بی بی اور تہمینہ خاتون زخمی ہوگئیں جبکہ سہراب گوٹھ میں ہوائی فائرنگ کے دوران بچے عاقب کو گولی لگی، ایف سی ایریا بلاک 9 میں ہوائی فائرنگ سے حسین ، ناظم آباد میں شیر باز، آئس اور عامر نامی شخص زخمی ہوئے۔

لیاری سلاٹر ہاؤس کے قریب ہوائی فائرنگ سے محمد نواز، پاپوش اور شیر شاہ میں ایسے ہی واقعات میں احمد اور اشرف نامی افراد زخمی ہوئے، کریم آباد، نارتھ ناظم آباد، کورنگی، عباس ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی، کینٹ اسٹیشن، جونیجو ٹاؤن، ملیر، لانڈھی، پی آئی بی کالونی اور سعید آباد میں فائرنگ سے مزید 12 افراد زخمی ہوئے۔