سابق بھارتی کپتان کپل دیو نے بھی عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپل ذاتی مصروفیات کے باعث شرکت نہیں کررہے۔اس سے قبل سابق کپتان سنیل گواسکر بھی کمنڑی میں مصروفیات کے باعث تقریب میں شرکت سے معذرت کر چکے ہیں۔
واضح رہےعمران خان کی وزیر اعظم بننے کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو شیڈول ہے ۔عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تین بھارتی کرکٹرز کو مدعو کیا گیا ہے، جن میں سنیل گواسکر، کپل دیو، اور نوجوت سنگھ سدھو شامل ہیں۔
سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو تقریب کا دعوت نامہ قبول کر چکے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب میں شرکت کا دعوت نامہ ذاتی ہے، سیاسی نہیں، عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، وہ زبردست شخص ہیں، ان کی گرمجوشی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کھلاڑی اورآرٹسٹ رکاوٹوں کو توڑ سکتے ہیں۔