لاڑکانہ:لاڑکانہ میں داری پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ایک شخص کی بازیابی کے لیے مارے گئے چھاپے کے دوران ہتھکڑی لگے 10 سالہ بچہ کو بازیاب کرا لیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق سول جج کی جانب سے ایک شخص کی بازیابی کے لیے لاڑکانہ کے داری پولیس اسٹیشن پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران مبینہ طور پر اسٹیشن ہیڈ افسر (ایس ایچ او) کی جانب سے غیر قانونی طور پر قید میں رکھے گئے بچے کو ہتھکڑیاں لگے بازیاب کرایا گیا۔
ذرائع کے مطابق دونوں افراد کو پولیس اسٹیشن کے احاطے میں ایس ایچ او کے رہائشی کوارٹر سے بازیاب کیا گیا۔
لاڑکانہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر عمل کرتے ہوئے سول جج اور جوڈیشل مجسٹریٹ ظفراللہ جاکھرانی کی جانب سے پولیس اسٹیشن کے احاطے میں چھاپہ مارا گیا تھا۔
لاڑکانہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے یہ حکم بیت المال کالونی کے رہائشی معشوق خروس کی جانب سے وکیل عابد ابڑو کی توسط سے دائر درخواست پر جاری کیا۔
سیشن جج کے حکم پر عمل کرتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ نے عاشق خروس کو بازیاب کرایا ساتھ ہی ایک نوجوان بچے عمران بروہی کو بھی بازیاب کیا، جسے ہتھکڑی باندھ کر پولیس اسٹیشن کے احاطے میں رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر چھاپہ مار ٹیم کے کمشنر نے ایس ایچ او فدا حسین لانگا کو حکم دیا کہ وہ بدھ 15 اگست کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے سامنے دونوں افراد سے متعلق ریکارڈ کے ساتھ پیش ہوں۔