کراچی:کراچی میں ڈیفنس موڑ کے قریب اختر کالونی سگنل پر مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ملزم تو ہلاک ہوا لیکن گاڑی میں بیٹھی10 سالہ بچی بھی جاں بحق ہوگئی۔
دس سالہ عمل گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھی تھی جب اس کے ماتھے پر ایک گولی لگی، فوری طور پر اسے پہلے کورنگی روڈ پر نجی اسپتال اور پھر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم ہوا۔
لیڈی ایم ایل او ڈاکٹر ذکیہ کا کہنا ہے کہ بچی کو ماتھے پر سامنے سے ایک گولی لگی جو پیچھے سے نکل گئی، گولی چھوٹے ہتھیار کی تھی
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موٹرسائیکلوں پر سوار اہلکار ایک لوٹے گئے شہری کی شکایت پر موقع پر پہنچے تو مقابلہ ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے قیوم آباد چورنگی پر بھی گاڑی میں سوار شہری کو لوٹا تھا۔ ڈیفنس تھانے کے قریب ناکے پر پولیس اہلکاروں کو شہری نے اطلاع دی اور موٹرسائیکل سوار پولیس اہلکار جب موقع پر پہنچے تو مبینہ مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم ہلاک جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔
ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کے قبضے سے ایک پستول اور 8 چھینے گئے موبائل فونز ملے جبکہ جس گاڑی میں جاں بحق بچی بیٹھی تھی اس کی ڈگی کے قریب گولیوں کے دو جبکہ ونڈ اسکرین پر بھی گولی کاایک نشان ہے۔
موقع سے ایس ایم جی کے دو جبکہ پستول کے تین سے چار خول ملے، خول اور گاڑی کو فارنزک ٹیسٹ کےلیے بھجوایا جائے گا۔