تشدد کے شکار شہری نے ایم پی اے علی شاہ کو معاف کردیا

 

کراچی :تشدد کےشکار شہری نے تحریک انصاف کے ایم پی اے کو معاف کردیاہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے علی شاہ نے کہا کہ میں اس پر اب کچھ نہیں کہنا چاہتا جو ہوا سو ہوا ۔ میں نے داؤد سے غیر مشروط معافی مانگ لی ہے اور اس نے مجھے معاف کردیاہے ۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے ایم پی اےعلی شاہ کی جانب سے سو ل ایوی ایشن کے ملازم داؤد پر اپنے گارڈ کے ساتھ مل کر سرعا م تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد علی شاہ پر سخت تنقید کی جارہی تھی اور ان کی اس حرکت کو پاکستان میں تبدیلی کا مظہر قرار دیا جارہاتھا ۔

تحریک انصاف کی جانب سے علی شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ 24گھنٹے میں اپنی اس حرکت کی وضاحت کریں بصورت دیگر معاملہ انضباطی کمیٹی کے سپرد کردیا جائیگا ۔ایسی صورتحال کا سامنا کرنے پر ایم پی اےعلی شاہ متاثرہ شہری کے گھر پہنچ گئے اور ان کی منت سماجت کی جس پر داؤد نے فراخ دلی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے انہیں معاف کردیا ۔