نئی دلی: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کے لیے سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو پاکستانی ویزا جاری کردیا گیا وہ 17 اگست کو پاکستان آئیں گے۔
پاکستانی سفارتخانے نے بھارتی رکن اسمبلی اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو 2 ہفتے کا ویزا جاری کردیا، سابق بھارتی کرکٹر عمران خان کی بطور وزیراعظم حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے 17 اگست کو پاکستان آئیں گے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب میں 1992 کی فاتح کرکٹ ٹیم سمیت 3 بھارتی کھلاڑیوں کو بھی مدعو کیا تھا جن میں نوجوت سنگھ سدھو، کپل دیو اور سنیل گواسکرکو مدعو کیا تھا جس پر تینوں کرکٹرز نے نہ صرف عمران خان کی طرف سے دعوت بھیجے جانے پر شکریہ ادا کیا بلکہ پاکستان آنے کے لیے پرجوش بھی تھے۔
بعد ازاں بھارتی میڈیا کی جانب سے منفی پروپیگنڈے کے بعد کپل دیو اور سنیل گواسکر کو حلف برداری کی تقریب میں شرکت سے معذرت کرنا پڑی، انہوں نے نجی مصروفیات ظاہر کرکے تقریب میں شرکت سے انکار کیا تاہم نوجوت سنگھ سدھو نے ویزے کے لیے پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ کیا تھا جو انہیں جاری کردیا گیا ہے۔