مکہ مکرمہ : حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حسب سابق حج کے ایام کی آمد کے ساتھ ہی خانہ کعبہ کے لئے نیا غلاف تیارکرلیا ہے۔ موجودہ غلاف کعبہ 9 ذی الحج بہ روزسوموار کو اتارنے کے بعد اس کی جگہ نیا غلاف کعبہ پرچڑھا دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کا عمل سدنہ بیت اللہ ڈاکٹرصالح الشیبی کی نگرانی میں انجام دیا جائے گا۔ حال ہی میں غلاف کعبہ کی دیکھ بحال کی ذمہ دار کمیٹی نے سنہ 1439ھ کے حج کے دوران خانہ کعبہ کے لیے تیار کردہ غلاف کا جائزہ لیا اورغلاف پر منقش آیات، سنہری پٹی، غلاف کے مختلف حصوں کی مکمل تیاری کے اعتبار سے اسے مکمل قراردیا گیا تھا۔
نیا غلاف 9 ذی الحج کی صبح کو مخصوص گاڑی پر رکھ کر شاہ عبدالعزیز آڈیٹوریم سے حرم میں لایا جائے گا۔
خیال رہے کہ غلاف کعبہ خاص قدرتی ریشم سے تیارکرنے کے بعد اس پرگہرا سیاہ رنگ چڑھایا گیا ہے۔ غلاف کی اونچائی14 میٹر ہے جبکہ اس کی بالائی پٹی 95 سینٹی میٹر چوڑی اور17میٹر لمبی ہے۔