کابل میں ملٹری ٹریننگ سینٹرپرحملہ، جوابی کارروائی میں3 حملہ آورہلاک

افغان حکام کے مطابق حملہ آوروں نے کابل کے علاقے قلعہ وزیر میں ملٹری ٹریننگ سینٹرپردھاوا بول دیا جس کے بعد افغان سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اورارد گرد کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کردیا گیا۔

حملے کے بعد دہشت گردوں اورافغان فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے جبکہ علاقے میں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی ۔ چھ گھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ میں 3 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ 3 پولیس اہلکاربھی زخمی ہوئے ہیں۔

گزشتہ روزافغانستان میں اسکول پرخودکش بم دھماکے، فوجی اڈے اور سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملوں کے نتیجے میں تقریباً 100افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔ کابل میں صرف اسکول پرخودکش حملے میں طلباء وطالبات سمیت 48 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

پاکستان نے کابل کے تعلیمی ادارے میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔