عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی مبارکبادوں کا سلسلہ شروع

اسلام آباد: عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہوتے ہی مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، عمران خان کو وزیر اعظم منتخب ہونے پر امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے پر مبارک باد دی اور کہا کہ وزیراعظم کے انتخاب سے ایک جمہوری عمل مکمل ہوا اور حکومت کا اصل امتحان اب شروع ہوگیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین نے کہا کہ عمران خان کا 1997 میں شروع ہونے والا سفر آج زبردست کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے پیغام میں عمران خان کو مبارکباد پیش کی ہے۔پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے وزیراعظم منتخب ہونے پر عمران خان کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ عمران خان ریلیف کے منتظر عوام کی امنگوں پر پورا تریں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے اپنے پیغام میں کہا کہ عمران خان نے ایسا خطاب کیا جس کو ہر پاکستانی نہ صرف سننا چاہتا تھا بلکہ اس کی ضرورت بھی تھی،آج ہماری قوم کے لیے تاریخی دن ہے، اس دن کو کبھی نہیں بھلا پائیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وقاریونس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اللہ آپ کی حفاظت کرے کپتان، عمران خان کو ہمارے خوب صورت ملک پاکستان کا 22 واں وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک ہو،پوری دنیا میں موجود ہر پاکستانی آپ کے لیے دعا گو ہے۔
قومی آل رائونڈر محمد حفیظ نے بھی ٹویٹرپیغام میں نو منتخب وزیر اعظم عمران خان کو مبارک باد دی اور کہا کہ عمران خان کو پاکستان کا 22 واں عمران خان بننے پر مبارک ہو اور ڈھیر ساری دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ بالآخر میرا دوست عمران خان وزیراعظم بن گیا پورے پاکستان کو مبارک ہو۔
سابق قومی آل رائونڈر اظہر محمود نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ہمارے نئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو مبارک ہو، جدوجہد سے بھرپور ان کا متاثرکن اور قابل تعریف سفر ہے۔