کراچی: کراچی پولیس نے آرام باغ سے2 انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لیے۔پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے ہے جبکہ دونوں ملزمان 10 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں کے نام جنید عرف جمی اور طاہر احمد ہیں، گرفتارشدگان پر سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو ہلاک کرنے کے الزامات ہیں۔پولیس کے مطابق ملزم جنید نے 2016 میں سرجانی ٹاؤن میں امجد نامی شخص کو قتل کیا اور 2017 میں عدالت سے ضمانت حاصل کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا جبکہ ملزم طاہر نے ابتدائی تفتیش میں متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کیا ہے۔
ملزم طاہر نے 2011 میں اپنے ساتھی اعظم کے ساتھ سرجانی ٹاؤن میں سنی تحریک کے 2 کارکنوں کو قتل کیا جبکہ 2012 میں اپنے ساتھی ریحان کالا کے ساتھ مل کر سنی تحریک کے 2 مزید کارکنوں کو ایک ہوٹل پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ملزم نے اسی سال اپنے ساتھی کے کہنے پرپاورہاؤس کے قریب سنی تحریک کے ایک اور کارکن کو قتل کیا، اسی طرح ملزم نے 2015 میں ساتھیوں کے ہمراہ سرجانی میں اسٹیٹ ایجنسی کے مالک کو قتل کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم طاہر کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ایف آئی آر درج ہیں۔