اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل کوفی عنان چل بسے

اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل کوفی عنان 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

کوفی عنان کا پورا نام کوفی عطا عنان تھا، ان کا تعلق گھانا سے تھا۔ نوبل انعام یافتہ کوفی عنان جنوری1997 سے دسمبر2006 تک اقوام متحدہ کے ساتویں سیکریٹری جنرل کے عہدے پر فائز رہے۔

کوفی عنان نے جینیوا انسٹیٹیوٹ سے بین الاقوامی تعلقات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور1962 میں انہوں نے اقوام متحدہ میں شمولیت حاصل کی۔

کوفی عنان انسانی حقوق کے تحفظ اورمعاشرے میں امن کے لئے ہمیشہ کوشاں رہے۔ کوفی عنان وہ پہلے افریقی سیاہ فام تھے جنہوں نے دنیا کے بڑے سیاستدانوں میں اپنی جگہ بنائی۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے خصوصی نائب کے طورپرشام میں امن اورتنازعات کے حل کے لئے بھی خدمات انجام دیں۔

کوفی عنان نیلسن منڈیلا کی بنائی گئی تنظیم دی ایلڈرز کے چیئرمین جبکہ کوفی عنان فاؤنڈیشن کے سربراہ بھی تھے۔

کوفی عنان کو اقوام متحدہ کی جانب سے دنیا میں امن و استحکام کے لیے خدمات انجام دینے اورمعاشرے میں مثبت تبدیلی لانے پر2001 میں نوبیل انعام سے نوازا گیا تھا۔