بھارتی ریاست کیرالہ میں سیلاب سے ہلاکتیں 324 ہوگئیں

بھارت کی جنوب مغربی ریاست کیرالا میں مون سون بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں اب تک 324 شہری ہلاک ہو گئے ہیں۔
جنوب مغربی بھارتی ریاست کیرالا کے حکام کے مطابق سیلاب کے باعث کیرالہ اور کرناٹکا کی 50 فیصد فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، ہزاروں ایکٹر پر محیط سڑکوں، ریل کی پٹریاں اور مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔ ایئرپورٹس، ریلوے اسٹیشن اور آمد و رفت کے تمام ذرائع عارضی طور پر معطل ہیں جب کہ ڈھائی لاکھ افراد بے گھر ہو گئے ہیں جنہیں 15 سو سرکاری پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔
ریاستی وزیراعلیٰ پینارائی وجےیان کا کہنا ہے کہ اُن کی ریاستوں کو گزشتہ 100سال کے سب سے سنگین سیلاب کا سامنا ہے۔
ریاستی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے ملکی وزیر دفاع سے مزید فوجی ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تا کہ کئی علاقوں میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بے گھر افراد کی منتقلی شروع کی جا سکے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور طوفان کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ مزید ایک ہفتے جاری رہے گا۔ اس دوران وقفے وقفے سے ہواؤں کے تیز جھکڑ کے ساتھ بارشیں جاری رہیں گی۔