مناسک حج کا آغاز،لاکھوں عازمینِ حج کی منیٰ روانگی شروع

سعودی عرب میں مناسک حج شروع ہو گئے، لاکھوں عازمین حج کی منیٰ روانگی شروع ہوگئی جہاں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگی ۔ اس سال 20 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج ادا کریں گے جن میں ایک لاکھ چوراسی ہزار پاکستانی عازمین بھی شامل ہیں۔
عازمین کل صبح یعنی 9 ذی الحج کو میدان عرفات روانہ ہوں گے ، اور حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے ۔ مسجد نمرہ میں اس سال مسجد نبوی کے امام شیخ حسن بن عبدالعزیز آل الشیخ خطبہ حج دیں گے ، پھر نماز ظہر اور عصرایک ساتھ ادا کی جائے گی ۔
عازمین غروب آفتاب کے ساتھ ہی مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں وہ نمازِ مغرب اور عشا قصر کے ساتھ ایک ساتھ پڑھیں گے ۔ عازمین رات بھر کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور رمی کے لیے کنکریاں چنیں گے ۔
دس ذی الحج کو طلوع آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ سے رمی کے لیے جمرات جائیں گے ۔قربانی کے بعد سر منڈوا کر احرام کھول دیں گے اور طواف زیارت کریں گے۔