کابل: افغان صوبے فاریاب کے ضلع بل چراغ پر طالبان نے بڑا حملہ کیا ہے۔ شدید لڑائی کے بعد ضلع پر طالبان کا قبضہ ہوگیا ہے۔دوسری جانب ایک اور ضلع گریزوان میں بھی جنگجوؤں اور افغان افواج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں ۔
افغان میڈیا کے مطابق صوبے فاریاب میں طالبان نے حملہ کرکے ایک ضلع پر قبضہ کرلیا، جس کے بعد وہاں موجود 100 افغان فوجیوں کا کوئی پتا نہیں چل رہا۔
افغان حکام کا کہنا ہے کہ ممکن ہے سیکیورٹی اہلکاروں نے ہتھیار ڈال دیے ہوں اور اب وہ طالبان کی حراست میں ہوں۔
افغان میڈیا کے مطابق فاریاب کے ہی ایک اور ضلع گریزوان میں بھی جنگجوؤں اور افغان افواج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری ہیں اور اس پر بھی قبضہ ہونے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ 10 اگست سے طالبان نے ملک کے مختلف حصوں میں حملوں کی نئی مہم شروع کی ہے جس میں اب تک سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اس مہم میں سب سے خوفناک لڑائی غزنی شہر میں ہوئی جہاں 200 سے زائد افغان فوجی مارے گئے۔