افغان میڈیا کے مطابق طالبان نے قندوز کے علاقے میں گزشتہ شب تین مسافر بسوں کے مسافروں کو یرغمال بنالیا تھا جس میں مجموعی طورپر170 افراد سوار تھے جن میں سے 149 مسافروں کو جانے دیا جب کہ21 افراد کو سیکیورٹی اہلکار ہونے کے شبے میں طالبان اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔
افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نصرت رحیمی نے میڈیا کو بتایا کہ 21 افراد کو طالبان کے قبضے سے رہا کرانے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کے دوران7 طالبان کو ہلاک کردیا گیا ہے۔ آپریشن مغویوں کی بازیابی تک جاری رہے گا۔
مسافربسیں قندوز تخار ہائی وے سے کابل کی جانب جارہی تھیں جب ان میں سوارمسافروں کو یرغمال بنایا گیا ۔ یہ علاقہ طالبان کے زیر قبضہ ہے۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بسوں میں سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی کی اطلاع پر مسافروں کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ جانچ پڑتال کے بعد 149 مسافروں کو جانے دیا گیا۔