نجم سیٹھی کے استعفے کے بعد احسان مانی بورڈ کے نئے چیئرمین مقرر

لاہور:چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی کو بورڈ کا نیا چیئرمین مقرر کردیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا کہ احسان مانی نے آئی سی سی میں پی سی بی کی نمائندگی کی تھی وزیراعظم نے کہا کہ احسان مانی 3 سال آئی سی سی کے خزانچی اور 3 سال سربراہ رہے، چیئرمین پی سی بی کیلئے وہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ نجم سیٹھی نے استعفیٰ دیا تھا۔نجم سیٹھی نےپی سی بی کی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دے کر اپنا استعفیٰ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بھجوا دیا تھا۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا کہ وہ نئے وزیراعظم کے حلف اٹھانے کا انتظار کر رہے تھے ۔