برن: سوئٹزرلینڈ میں مخالف جنس سے ہاتھ نہ ملانے پر مسلمان جوڑے کو شہریت دینے سے انکار کردیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق افریقا سے تعلق رکھنے والے مسلمان جوڑے کا کئی ماہ قبل شہریت حاصل کرنے سے متعلق انٹرویو لیا گیا تھا جس میں انہوں نے کمیشن میں شامل مخالف جنس سے ہاتھ ملانے سے انکار کردیا تھا۔
سوئس حکام نے ہاتھ نہ ملانے پر مسلمان جوڑے کو یہ کہہ کر شہریت دینے سے انکار کردیا کہ وہ صنفی مساوات کی تکریم میں کمی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔
سوئس حکام نے دعویٰ کیا کہ مذکورہ جوڑے کو شہریت نہ دینے کا مذہب سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ مذہبی آزادی مقامی قوانین میں موجود ہے اور مذہبی عمل قانون کے دائرے سے باہر نہیں ہے۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سوئیڈن میں مسلمان خاتون نے ہاتھ نہ ملانے پر انٹرویوختم کرنے والی کمپنی کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ جیتا تھا۔