لندن:ایک برطانوی خاتون ایک تعطیلاتی بحری جہاز سے سمندر میں گر جانے کے دس گھنٹے بعد بھی زندہ بچ گئی۔ اس خاتون کے مطابق جب موت بہت قریب تھی، گانا گانے اور یوگا کی وجہ سے جسمانی فٹنس نے اسے بحیرہ آڈریا کے پانیوں میں زندہ رکھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اپنے زندہ بچا لیے جانے کے بعد اس برطانوی خاتون سیاح نے بتایا کہ وہ بحیرہ آڈریا میں ایک کروز شپ پر تفریحی سفر پر تھی کہ اچانک جہاز کے عشرے سے نیچے سمندر میں گر گئی۔
اس نے بتایا کہ اس کی زندگی بچانے میں یوگا کی وجہ سے اس کی جسمانی فٹنس اور گانا گاتے رہنے نے کلیدی کردار ادا کیا۔ اس خاتون کو کھلے سمندر سے یورپی ملک کروشیا کی بحریہ کے ایک جنگی جہاز نے بچایا اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی تھی۔
اس خاتون کو قریب دس گھنٹے تک سمندر میں رہنے کے بعد اتوار 19 اگست کو مقامی وقت کے مطابق بعد دوپہر قریب ایک بجے کروآٹ بحریہ کے ایک جہاز نے بچایا اور اس وقت وہ اس جگہ سے صرف 1.3 کلومیٹر دور تھی، جہاں وہ سمندر میں گری تھی۔
کے لانگ اسٹاف نے ’سن‘ کو بتایا، ’’میں باقاعدگی سے یوگا کرتی ہوں۔ مجھے خدشہ تھا کہ میرے پٹھے شل نہ ہو جائیں۔ اس لیے میں مسلسل آہستہ آہستہ تیرتی اور گانا گاتی رہی۔‘‘
چھیالیس سالہ لانگ سٹاف نے مزید کہا، ’’کروشیا کی بحریہ کے جن ارکان نے مجھے بچایا، وہ بہت نفیس انسان تھے۔ میں بہت شکر گزار ہوں اور انتہائی خوش کہ میں زندہ ہوں۔