نئی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں: چین

 

بیجنگ: عوامی جمہوریہ چین کے ترجمان وزارت خارجہ لوکانگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک نئی حکومت کے ساتھ تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے اور پاک چائنا تعلقات اور اقتصادی راہداری کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے مثبت تبصرے کی قدر کرتا ہے۔اپنی معمول کی پریس کانفرس کے دوران انہوں نے کہا کہ چینی حکومت نے عمران خان کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد بھیجی ہے،غربت کے خاتمہ کے لیے چینی تجربات سے فائدہ اٹھائیں،

 

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان سے سوال کیا گیا کہ عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم منتخب ہو چکے ہیں اور انہوں نے خاص طور پر پاک چین تعلقات کا ذکر کیا ہے اور سی پیک کو بھی انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا ہے، اس پر آپ کا کیا تبصرہ ہے۔اس پر لوکانگ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ تمام امور میں شراکت داری اور دوستانہ تعاون کو آگے بڑھانے کا خواہاں ہے، اس کے ساتھ ساتھ سی پیک کی تیز رفتار تعمیر و ترقی اور پاک چین تزویراتی شراکت داری میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔