انگلینڈ کو 203 رنز سے شکست،سیریز میں بھارت کی پہلی فتح

ٹرینٹ برج ناٹنگھم میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو کامیابی کے لئے بھارت نے521 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن میزبان ٹیم میچ کے آخری دن317 رنزپرڈھیر ہوگئی تھی۔

بدھ کو میچ کا آغاز ہوا توانگلینڈ نے اپنی دوسری اننگ گزشتہ روز کے اسکور9 وکٹ پر311 رنز سے شروع کی، بھارت کو آخری دن صرف ایک وکٹ درکار تھی ، تیسرے اوور میں روی چندرن اشون نے جمی اینڈرسن کو اجنکیا راہا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرادیا اورانگلش ٹیم 317رنزپرآل آؤٹ ہوگئی۔

انگلش اننگز کی خاص بات جوز بٹلر کی شاندار ٹیسٹ سنچری تھی جو 106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ بھارت کی طرف سے جسپریت بمرا کامیاب بولررہے، انہوں نے 85 رنز کے عوض 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔

پانچ میچوں کی اس سیریزمیں انگلینڈ کو اب دو ایک کی برتری حاصل ہے، چوتھا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے ساؤتھ ہیمپٹن میں کھیلا جائے گا۔