کراچی :عیدالاضحی کے پہلے دن کراچی میں تقریباً 10 لاکھ جانوروں کی قربانی کی گئی،سنت ابراہیمی پر عمل پیرا ہونے کے بعد انتظامیہ نے شہر بھر سے آلائشوں کو اٹھاکر ٹھکانے لگانے کا آپریشن شروع کیا۔ ذرائع کے مطابق کراچی میں عید الاضحی کے 3 دنوں میں اس بار کم و بیش 20 لاکھ کے لگ بھگ جانوروں کی قربانی کا اندازہ لگایا گیا ہے، جو ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے،انتظامیہ کے مطابق عید کے پہلے روز کم و بیش 10 لاکھ جانوروں کو قربان کیا گیا،
انتظامیہ نے سڑکوں، شاہراہوں اور اہم مقامات کو تو صاف کردیا لیکن گلی محلوں میں صفائی کا فقدان دکھائی دیا بالخصوص مضافاتی علاقے نظر انداز کیے گئے،شہر کی اہم شاہراہیں اور سڑکیں تو صاف ہیں لیکن گلی محلوں اور مضافاتی علاقوں میں اب بھی آلائشیں موجود ہیں۔کراچی کے جن علاقوں میں اب تک آلائشیں موجود ہیں، ان میں شیریں جناح کالونی، کیماڑی، سلطان آباد،ہجرت کالونی، مواچھ گوٹھ، بلدیہ، سہراب گوٹھ، اسکیم 33، لیاقت آباد اور لیاری سمیت بیشتر علاقے شامل ہیں۔