منیٰ: خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودی عرب خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری کو نبھاتا رہے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق منیٰ کے شاہی محل میں سالانہ تقریب برائے حسن کارکردگی کا انعقاد کیا گیا جس میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے انتظامات کرنے والے اداروں کے سرکاری افسران، مختلف ریاستوں کے سربراہان، اسلامی دنیا کی معروف شخصیات، اور دیگر مہمان گرامی سے خطاب کیا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے حج کے دوران عمدہ کارکردگی دکھانے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی دو محبوب عبادت گاہوں کی خدمت کا شرف بڑے اعزاز کی بات ہے اور اللہ کی جانب سے اس نیک کام کی ادائیگی کے لیے ہمارا چنا جانا خوش نصیبی ہے۔ اللہ حجاج کرام کی عبادتوں اور ہماری خدمت کو شرف قبولیت بخشے۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان کا مزید کہنا تھا کہ اسلام برداشت اور صبر کا حکم دیتا ہے اور دہشت گردی و انتہا پسندی کی حوصلہ شکنی کرتا ہے۔ سعودی عرب خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داری کو نبھاتا رہے گا اور دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی