ایران کا ایک اورجوہری پلانٹ تیار کرنےکااعلان

 

تہران:ایران کی جوہری توانائی کے چیئرمین علی اکبر صالحی نے کہا ہے کہ ایران بو شہر کے مقام پردوسرا جوہری پلانٹ تیار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ نیا جوہری پلانٹ بھی اپنے مقررہ وقت پرمکمل کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ روسی کمپنی ’رشیا اٹم‘ نے حال ہی میں ایران کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت کمپنی بو شہر کے مقام پر دوسرا جوہری پلانٹ نصب کرے گی۔

خلیجی اخبار کے مطابق علی اکبر صالحی نے تہران میں عید کے ایک اجتماع سے خطاب میں روس کی طرف سے جوہری تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ روس اور ایران ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کے معاملے میں اپنے معاہدوں کے پابند ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران روس کی مدد سے نئی افزودگی کے حصول میں کامیاب ہوا ہے۔ ایران ان چند ممالک میں سے ایک ہے جوزینون اور ٹیلوریم کی افزودگی کر رہا ہے۔ علی اکبر صالحی کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے ایران پر عائد کردہ پابندیاں تہران کو جوہری توانائی کےوصول سے نہیں روک سکتیں۔