وزیراعظم اورامریکی وزیرخارجہ کی ٹیلفونک گفتگو، امریکا مؤقف پرقائم

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ اور وزیر اعظم عمران خان کے درمیان فون کال کا تنازعہ شدت اختیار کر گیا ہے، امریکا کا کہنا ہے کہ وہ مائیک پومپیو اور پاکستانی وزیراعظم کی بات چیت سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر اعظم عمران خان کی ٹیلی فونک گفتگو کے سلسلے میں امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان ہیدر نورٹ نے کہا ہے کہ امریکا اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیدر نورٹ سے جب پوچھا گیا کہ کیا ٹیلی فونک گفتگو میں دہشت گردی زیرِبحث آئی تھی یا نہیں، تو ترجمان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اپنے ابتدائی بیان پر قائم ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو نے وزیرِ اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، بعد ازاں امریکی حکومت سے بیان جاری ہوا کہ پاکستانی وزیراعظم کے ساتھ پاکستان میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کے سلسلے میں بھی بات ہوئی۔
تاہم پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ کے درمیان پاکستان میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، لہذا اسے درست کیا جانا چاہیئے۔
واضح رہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مائیک پومپیو دورہ بھارت سے قبل 5 ستمبر کو پاکستان آئیں گے جہاں وہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے تاہم سرکاری طور پر اب تک اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔