کراچی میں آئندہ 24گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان

کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج بھی مطلع مکمل ابرآلود رہنے اور بونداباندی کی پیش گوئی ہے۔
محکمہ موسیات کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق شہر میں جنوب مغرب سے ہوائیں چل رہی ہیں، آج کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم ایسے ہی ابر آلود رہے گا جب کہ کہیں کہیں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات سپر ہائی وے، اسکیم 33، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، نارتھ کراچی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ اور علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ ہوا میں ٹھنڈک بھی محسوس ہونے لگی۔
دوسری جانب سمندر میں طغیانی کے باعث انتظامیہ نے ہاکس بے کا ساحل عوام کے لئے بند کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سمندر میں طغیانی کے باعث اونچی اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں جب کہ ہاکس بے کا ساحل دیگر تفریحی مقامات کے مقابلے میں زیادہ خراب ہے۔ اس کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سمندر میں نہانے پر بھی پابندی عائد ہے، اس لئے صرف ان ہی فیملیز کو جانے کی اجازت دی جارہی ہے جنہوں نے ہٹس کی بکنگ کرارکھی ہے۔