اسلام آباد میں طوفانی بارش سےدرخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں، سڑکیں بند

اسلام آباد:اسلام آباد میں گزشتہ رات آنے والی آندھی اور موسلا دھار بارش نے شہرمیں درختوں کو اکھاڑ دیا، بجلی کی تاریں گرا دیں، شہر کے مختلف سیکٹرز میں بجلی کی فراہمی بند ہو گئی۔
وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں گزشتہ رات آندھی ، تیز ہوائوں، مٹی کا طوفان اور موسلادھار بارش نےایسے ڈیرے ڈالے کہ درخت جڑوں سے اکھڑ گئے جس کے باعث مارگلہ روڈسمیت مختلف سیکٹرز میں رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں جبکہ سیکٹر ایف سیون میں تو گاڑی پر ہی درخت گر گیا۔
اسلام آباد انتظامیہ نے سڑکوں سے درخت اٹھا کر ٹریفک کو بحال کر ایا،آندھی کے باعث بجلی کی تاریں گر گئیں جس نے مختلف سیکٹر میں بجلی کی فراہمی معطل کر دی۔
دوسری جانب آئیسکو کے مطابق عملہ درخت ہٹا کر بجلی بحال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ترجمان آئیسکو کا کہنا ہے کہ بلیو ایریا، سیکٹر ایف سیکس اورایف سیون میں بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ باقی علاقوں میں کام جاری ہے، بجلی جلد بحال کر دی جائے گی۔