واشنگٹن:امریکی سینیٹر جان مکین 81 برس کی عمر میں چل بسے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق سینیٹر جان مکین 2017 سے دماغ کے کینسر میں مبتلا تھے تاہم جمعہ سے انہوں نے اپنا علاج ترک کردیا تھا۔
ایری زونا سے تعلق رکھنے والے جان مکین نے 2008 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا تاہم وہ سابق صدر بارک اوباما کے مقابلے میں الیکشن ہار گئے تھے۔
آنجہانی امریکی سینیٹر مکین امریکی فضائیہ کے پائلٹ اور ویت نام میں جنگی قیدی اور 35 سال تک امریکی سیاست میں رہے۔
جان مکین 29 اگست 1936 کو پیدا ہوئے، ان کے والد امریکی نیوی میں کمانڈر اور دادا ایڈمرل تھے۔ جان مکین نے اپنے آباء و اجداد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے فوج میں شمولیت اختیار کی اور لڑاکا طیارے کے پائلٹ بن گئے۔
26 اکتوبر 1967 کو ہنوئی میں ان کے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا تو میک کین شدید زخمی ہو گئے مگر جان بچانے میں کامیاب ہو گئے، انہیں جنگی قیدی بنا لیا گیا اور 15 مارچ 1973 کو انہیں رہا کیا گیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سینیٹر مکین کے انتقال پر افسوس اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔