تبت میں علیحدگی پسندوں کی تحریک میں شدت

 

تبت:چین کے علاقے تبت میں علیحدگی پسندوں کی تحریک کے شدت پکڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے بعد انتظامیہ کو مزید چوکس رہنے کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

غیر ملکی میڈیاکے مطابق چین کی حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی کےرہنما وانگ یانگ کا کہنا ہے کہ تبت میں علیحدگی پسند عناصر اپنی کوششوں میں شدت پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ وانگ یانگ نے تبت میں سخت حکومتی کنٹرول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مقامی کارکنوں اور انتظامی اہلکاروں کو خبردار کیا کہ وہ کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت چوکس رہیں۔

 

وانگ یانگ نے تبت کے چین نواز مذہبی بدھ مت رہنماوں کو بھی تلقین کی کہ وہ علیحدگی پسندی کا عزم و حوصلے سے مقابلہ کریں۔ وانگ یانگ چینی کمیونسٹ پارٹی کے چوتھے اہم ترین لیڈر ہیں۔ واضح رہے کہ تبت کے علیحدگی پسند کئی دہائیوں سے چین سے آزادی کے لئے اپنی تحریک جاری رکھے ہوئے ہیں ۔