ایرانی تیل کے خریدارممالک متبادل تلاش کرنے لگے

 

تہران: اقتصادی پابندیوں کے بعد یورپی ممالک کو ایرانی خام تیل کی پیداوار میں 35 فیصد کمی آئی ہے۔ ایران پر عائد کردہ پابندیوں سے بچنے کے لیے ایرانی تیل کے خریدار بھی متبادل ملکوں کی تلاش میں ہیں۔ خلیجی میڈیاکے مطابق ایشیا اور یورپ کے ایرانی تیل کے خریدار سعودی عرب، عراق، روس اور بعض دوسرے ممالک کے خام تیل کی خریداری کو ترجیح دینے لگے ہیں۔ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے نفاذ کا پہلا مرحلہ اگست میں شروع ہوا جس کے نتیجے میں نہ صرف ایرانی تیل بلکہ دیگر مصنوعات کو اور معیشت کو بھی شدید جھٹکا لگا۔

پابندیوں کا دوسرا مرحلہ نومبر میں نافذ ہونے کا امکان ہے۔ دوسرے مرحلے کے بعد خام تیل کے خریدار چین، بھارت، جاپان اور جنوبی کوریا کی طرف متوجہ ہوسکتے ہیں۔رپورٹس کے مطابق رواں سال کے آغاز ہی سے یورپی ممالک کو ایرانی خام تیل کی سپلائی کم ہونا شروع ہوگئی تھی۔ اب تک اس میں 35 فی صد کمی آچکی ہے۔ یورپی ممالک کو یومیہ ایران کے 4 لاکھ 15 ہزار بیرل تیل کی سپلائی ہو رہی ہے جب کہ سعودی عرب اور عراق کے خام تیل کی خریداری میں 30 فی صد اضافہ ہوا ہے۔