راولپنڈی:اڈیالہ جیل میں آج قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے۔ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازسے ملاقات کے لیےشریف خاندان کے افراد سمیت لیگی رہنماؤں کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔
ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل عباس شریف کی فیملی اور لیگی رہنما جیل پہنچے ہیں جن میں مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری، مصدق ملک، جاوید لطیف، امیر مقام، شیخ روحیل اصغر، نعیم بٹ اور بلیغ الرحمان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم کو آج العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے باعث احتساب عدالت لے جایا گیا تھا،احتساب عدالت 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو مجموعی طور پر 11 سال اور مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا کا حکم دے چکی ہے۔