مولانا نکاح پڑھوانے گئے اور خود نکاح کروا کر آگئے :شیری رحمان

اسلام آباد:پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہاہے کہ صدر کیلئے اعتزاز احسن سے بہتر کوئی نام نہیں ہے ، مولانا فضل الرحمن نکاح پڑھوانے گئے تھے اور خود نکا ح کروا کر آگئے ۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ صدر کے لئے اعتزاز احسن سے بہتر کوئی نام نہیں ۔ ہم نے مولانا فضل الرحمن سے کہا تھا کہ وہ مسلم لیگ ن کو قائل کرنے کیلئے کوئی کردار ادا کریں لیکن مو لانا گئے تھے نکاح پڑھوانے اور خود نکا ح کروا کر آگئے ۔ ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن تقسیم نہ ہو ۔ ہماری کوشش ہے کہ مولانا فضل الرحمان دستبردار ہوجائیں اور اپوزیشن کو تقسیم نہ کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ مولانا کے ساتھ ہمارا پرانا رشتہ ہے ۔ وہ ہماری حکومت کے اتحاد ی تھے لیکن جہاں وہ اتفاق نہیں کرتے تھے ہم نے اس پر سمجھوتہ نہیں کیا ۔ ہمارا نظریاتی مسئلہ ہے اور ان کا مذہبی دائرہ ہے ۔ شیری رحمان نے کہا کہ یہ بات واضح ہے کہ ہم نے پہلے اپنے صدارتی امیدوار کا تعین کیا تھا اور ن لیگ سے بھی کہا تھا کہ وہ حمایت کریں۔ اس سے قبل ن لیگ نے دو نوں ایوانوں میں اپوزیشن لیڈرز لے لئے لیکن ہم نے کچھ نہیں کہا ۔ ہمارا خیال ہے کہ مسلم لیگ ن بڑی پارٹی ہے اور ظرف دکھائے گی ۔