عوامی احتجاج رنگ لایا ،گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ

 

ایمسٹرڈم: شدید عوامی احتجاج کے باعث ڈچ حکومت  گستاخانہ خاکوں کے مقابلے  منسوخ پر مجبور ہوگئی ۔ دنیا بھر میں مسلمانوں اور پاکستانی عوام و حکومت کے احتجاج کے باعث ہالینڈ نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ کردیے ۔ امریکی میڈیا کے مطابق گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے باعث دنیا بھرمیں مسلمان شدید احتجاج کررہے ہیں۔ جس کی وجہ سے نفرت انگیز مقابلے غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ ان مقابلوں کا اعلان اسلام مخالف ڈچ رہنما ملعون گیرٹ وائلڈر نے کر رکھا تھا۔ پاکستان میں تعینات ہالینڈ کے سفیر آردی سٹویوس برہکن نے بھی گستا خانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے خاکوں کی اشاعت پر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ دنیا کو اس مسئلے کی حساسیت کے بارے میں آگاہ کریں گے۔ جمعرات کے روز جاری ایک ویڈیو بیان میں عمران خان  نے کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کا مسئلہ تمام مسلمانوں کا مسلہ  ہے، نبی کریمﷺ مسلمانوں کے دل میں رہتے ہیں، ان کی شان میں گستاخی پر ہر مسلمان کو تکلیف ہوتی ہے۔ گستاخانہ خاکوں پر او آئی سی کے ذریعے اقوام متحدہ میں بات کریں گے۔

اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی ہالینڈ کے وزیر خارجہ سے رابطہ کیا تھا اور اس معاملے پر پاکستان کا احتجاج ہالینڈ کی حکومت تک پہنچایا تھا۔ گستاخانہ خاکوں کے مقابلے منسوخ ہونے  کے بعد  تحریک لبیک نے اسلام آباد میں احتجاج ختم کرنےکا اعلان کردیا۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں کہا ہےکہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی پاکستانی حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا پیغام اور ان کی ہدایت پر وزارت خارجہ کے روابط اس کامیابی کاباعث بنے۔