واشنگٹن:میڈیا اور سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کمپنیوں پر کڑی تنقید کے بعد امریکی صدر نے سی این این کے صدر کو فارغ کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ متنازع اسٹوری پر سی این این کا کہنا ہے کہ وہ جھوٹ نہیں بولتا اور اپنی اسٹوری پر قائم ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سی این این ان کے خلاف کافی عرصے سے نفرت اور تعصب پر مبنی خبریں دے رہا ہے ، سی این این کے صدر جیف زَکر کی کارکردگی انتہائی خراب ہے ، ریٹنگ بھی بری ہے ، اے ٹی اینڈ ٹی کو اپنی ساکھ بچانے کے لیے جیف کو فوری طور پر نوکری سے فارغ کر دینا چاہیے۔
دوسری جانب سی این این کے بیان میں کہا گیا کہ جناب صدر غلطی نہ کریں ، سی این این جھوٹ نہیں بولتا ، بلکہ خبریں رپورٹ کرتا ہے ، جب برسراقتدار لوگ جھوٹ بولتے ہیں تب سی این این لوگوں کو اس سے آگاہ کرتا ہے ۔
صدر ٹرمپ نے این بی سی چینل کے چیئرمین اینڈی لیک کو عہدے سے ہٹانے کی ممکنہ خبر پر بھی مسرت کا اظہار کیا
صدر ٹرمپ نے واشنگٹن میں ایک تقریب کے دوران نومبر میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات سے متعلق کہا کہ اگر ڈیموکریٹس جیت گئے تو وہ تمام کام منسوخ کریں گے جو موجودہ حکومت نے کیے ہیں ۔