اسلام آباد: معروف سائنسدان ڈاکٹر عطا الرحمان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ،ڈاکٹر عطا الرحمان سے ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے یونیورسٹیوں کو مطلوبہ وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ملک میں تعلیم کا فروغ ، نظام و نصاب تعلیم میں یکسانیت اور نوجوانوں کو سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید تعلیم کی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ ہائر ایجوکیشن کے فروغ کے لیے ماہرین کی آرا سے استفادہ کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر عطاالرحمن نے ملک میں ہائر ایجوکیشن اور خصوصا سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کو مختلف سفارشات پیش کیں اور وزیر اعظم ہاؤس کو اعلی تعلیم اور جدید ریسرچ سنٹر بنانے پر بھی تجاویز دیں۔ملاقات میں وفاقی وزیر شفقت محمود ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق بنوری، پروفیسر محمد مجاہد اور راشد خان بھی موجود تھے۔